96مشکوک مدارس کیخلاف وفاق کارروائی کو تیار نہیں، وزیراعلیٰ سندھ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں دہشت گرد بلوچستان کی سرحد سے آتے ہیں جبکہ ہم نے پنجاب حکومت کے ساتھ بارڈر پر سیکورٹی کا خصوصی بندوبست کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ ہائوس میں غیر ملکی سروس اکیڈمی کے 29 رکنی وفد سے ملاقات دوران کہی۔ غیر ملکی سروس اکیڈمی کے وفد کی سربراہی ڈی جی افتخار عزیز نے کی، جبکہ اس موقع پر صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن اور آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے 96 مدارس کی فہرست وفاق کو دی، جو بڑی محنت اور تحقیقات کے بعد بنائی گئی تھی، ان مدارس میں مشکوک سرگرمیاں چل رہی تھیں اور دہشت گردوں کو سہولتیں دینے والے بھی ملوث تھے، لیکن وفاق ان مدارس کو واچ لسٹ پر رکھنے کے لیے تیار نہیں ہوا ،جو نہایت افسوسناک عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی،ٹارگیٹ کلنگ، دہشت گردی، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوتا گیا، تاہم ہم نے درپیش چیلنجز کا زبردست طریقے سے مقابلہ کیا اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنا دیا۔