پاک فوج کے ترجمان معیشت پر بیانات نہ دیں، عالمی ساکھ متاثر ہوگی، احسن اقبال
شیئر کریں
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے معیشت پر تبصروں کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت پر بیانات اور تبصروں سے گریز کرنا چاہیے ،کیوں کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کی عالمی ساکھ متاثر کر سکتے ہیں، جبکہ آئی ایم ایف پروگرام پر جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں معیشت بہت بہتر ہے جب کہ ملک میں توانائی کے منصوبوں اور بجلی کی فراہمی سے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے درآمدات پر دبائو پڑا ہے، مگر قابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی بجٹ پر عمل ہو رہا ہے، ٹیکسوں کی وصولی میں دو گنا سے زائد اضافہ ہوا ہے، جبکہ سیکورٹی آپریشنز کے لئے بھی وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک امریکا تعلقات خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بہت اہم ہیں۔افغانستان میں اغوا ہونے والے خاندان کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں اہم موڑ ہے، امریکا میں مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ کے تجزیہ کاروں سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اغوا ہونے والے خاندان کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں اہم موڑ ہے جبکہ پاک امریکا تعلقات خطے میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بہت اہم ہیںوزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے سیکورٹی صورتحال میں بہتری آئی اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ سی پیک پاکستان سمیت جنوبی اور وسطی ایشیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا۔