تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، نواز شریف کی وطن واپسی، کل احتساب عدالت میں پیش ہونگے
شیئر کریں
لندن/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تمام قیاس آرائیاں دم توڑگئیں، نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ، کل احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے، لندن میں لیگی رہنمائوں کا اہم اجلاس، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی شریک تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے فوری طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے ٗ (کل) منگل کے روز احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پی آئی اے کی پرواز 786 کے ذریعے پیر کی صبح 7 بجے وطن پہنچیں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ لندن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کچھ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو نیب عدالت میں پیش نہ ہونے کا مشورہ دیا تاہم اس کے باوجود انہوں نے پیش ہونے کا فیصلہ کیا سابق وزیراعظم نوازشریف (کل) منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہونگے ذرائع کے مطابق وطن واپسی کے بعد نواز شریف اعلیٰ سطح کا سیاسی اجلاس بھی طلب کریں گے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وطن واپسی کے بعد ن لیگ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور بھرپور انداز میں سامنے آئیگی۔ وہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے ،آئین میں عبوری حکومت کی کوئی گنجائش نہیں اور کوئی بھی سیاسی جماعت ایسے کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کرے گی ،قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات بل کی تمام شقوں کی اتفاق رائے سے منظوری دی اور سینیٹ میں جو ترامیم ہوئی ہیں اب یہ بل دوبارہ قومی اسمبلی کے پاس آئے گا ، اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بل کے تناظر میں اپنے سٹاف کو تربیت دے ، ابھی تک (ن) لیگ کے قائد نواز شریف ہی ہیں ،چوہدری نثار نے مجھے خود کہا ہے کہ میری جماعت (ن) لیگ ہی ہے اور نواز شریف میرے قائد ہیں۔ جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کا احتساب ہے کہ مقدمہ پاناما لیکس پر چلا اور نااہلی کا فیصلہ اقامہ پر سنایا گیا جبکہ فیصلہ کرنے والے ججز نے ہی نظر ثانی کای پیل کی سماعت کی۔