شام میں عسکری تنظیمیں روس اورامریکا سے سمجھوتہ نہ کریں،حمزہ بن لادن
شیئر کریں
جنگجو گروپ مصالحت پر توجہ دیں،تقسیم ہونے سے طاقت میں کمی آئے گی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)القاعدہ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے شام میں مسلح گروپوں کو تاکید کی ہے کہ وہ شام کی سرزمین پر جہاد کے مرکزی مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں اوروہ کسی طور بھی روس اور امریکا کے ساتھ کوئی سمجھوتہ قبول نہ کریں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق القاعدہ تنظیم کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی ایک نئی صوتی ریکارڈنگ سامنے آئی ہے۔ اس ٹیپ میں حمزہ نے شام میں جنگجو گروپوں کے درمیان مصالحت پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ ان گروپوں میں تحریر الشام اورجیش الاحرارجیسی تنظیمیں شامل ہیں۔حمزہ بن لادن کی گفتگو میں اس مداخلت کا بھی ذکر آیا ہے جو اس نے ابو محمد الجولانی کے ہیء تحریر الشام کے منحرف شرعی قاضیوں عبد اللہ المحیسنی اورمصلح العلیانی کے ساتھ اختلاف کو حل کرانے کے واسطے کی تھی۔عبداللہ المحیسنی اور مصلح العلیانی نے کچھ عرصہ قبل جاری بیان میں ہیء تحریر الشام سے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں افراد نے اپنے اقدام کا جواز پیش کرتے ہوئے باور کرایا کہ وہ جس مقصد کے لیے تنظیم میں شامل ہوئے تھے انہیں پورا کرنے کا موقع نہیں مل سکا۔