سپرہائی وے پر ایشیا ء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں اونٹوں کی آمد شروع
شیئر کریں
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ہر سال لگنے والی ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میںگائے اور بکروں کے ساتھ ساتھ اونٹوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور اب تک 200 اونٹ منڈی میں فروخت کے لیے لائے جا چکے ہیں۔خوبصور ت اور طرح طرح کے نقش و نگار والے اونٹ زیادہ تر بلوچستان اور اندرونِ سندھ سے لائے جاتے ہیں ۔اسکے علاوہ اعلیٰ اور نایاب نسل کے خوبصورت جانور فروخت کرنے والے ملک کے صف ِ اول کے جانوروں کے فارم منڈی میں اپنے وی آئی پی ٹینٹ لگا چکے ہیں اور چھٹی کے دنوں میں انکو دیکھنے کیلئے عوام کی بھرپور تعداد میں منڈی آمد متوقع ہے۔ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی نے کہا کہ کہ عوام کے ممکنہ رش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے ضروری اقدامات کر لیے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ لوگ منڈی میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے مستفید ہوں ۔ انہوں نے کہا منڈی میں شہر کے کئی بہترین ریستورانوں نے اپنے اسٹال لگا دیئے ہیں جہاں عوام کا بھرپور رش رہتا ہے۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ تاجروں اور خریداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور بہتر خدمات فراہم کی جائیں تاکہ انکے لئے فریضٔہ قربانی کی ادائیگی آسان ہو جائے۔