پی ٹی آئی کی خواتین نے ن لیگ کو بے نقاب کردیا، عمران خان
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے مسلم لیگ (ن) سیاسی اخلاقی اور قانونی طور پر منہدم ہوگئی ہے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں عائشہ گلالئی کے عمران خان پر الزامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے تحریک انصاف کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین نے مسلم لیگ (ن) کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا، جبکہ الزامات کی سیاست کرنا(ن) لیگ کا وطیرہ ہے اور مسلم لیگ (ن) ضمیروں کی سوداگر ہے، عمران خان نے کہا کہ ماضی میں (ن) لیگ بینظیر بھٹو اور مجھ پر ایسے الزامات لگاچکی ہے اور ایسے کردار کشی کے حملے آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اربوں ڈالر ضبط ہونے کے ڈر سے کسی بھی حد تک گر سکتی ہے، کیونکہ (ن) لیگ سیاسی، اخلاقی اور قانونی طور پر منہدم ہوگئی ہے اور مکمل طورپر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عمران خان نے پارٹی رہنما عائشہ گلالئی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ عائشہ گلالئی دبئی میں ایک سال سے پی ٹی آئی کیلئے فنڈریزنگ کر رہی تھی، فنڈریزنگ کا حساب مانگا گیا تو وہ ناراض ہوکر مجھ پر الزامات کے انبار لگا دیے، کل تک میرے کردار پر کسی کو کوئی مسئلہ نہیں تھا پھر ایک دن میں میرا کردار مشکوک کیسے ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی گزشتہ4سال میں صرف47دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئی اور ان کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں تھی جس پر پارٹی ٹکٹ مانگنے پر انہیں کہا کہ اس کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا اور پارلیمانی بورڈ ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھا،اس بات کا برا منا کر انہوں نے پارٹی سے استعفیٰ دیا اور مجھ پر سنگین الزامات لگا دیے جن میں کوئی صداقت نہیں ۔