مولانا فضل الرحمان کا پورا ملک جام کرنے کا اعلان
شیئر کریں
کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں اور جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے پر سڑکوں پر آئے اور ملک بھر کے راستوں کو جام کر دے
جعمیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پورا ملک جام کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پرآنے اور ملک بھر کے راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری لاہور میں نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے، مگر میں سرگودھا کے جلسے میں شرکت کے لیے پرعزم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود میں سرگودھا روانہ ہو رہا ہوں، سرگودھا جانے والے تمام راستوں کو مسدود کر دیا گیا ہے، ہمارے کارکنوں کو راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مولانا عبدالغفور حیدری سمیت دیگر قیادت کی نظربندی کا بھی ذکر کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں ملک کے تمام صوبوں کے کارکنوں کو کہا کہ وہ بلا تامل باہر نکلیں۔ سڑکوں پر آجائیں، موٹرویز بند کردیں۔
اس سے قبل سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری ،امیر پنجاب مولانا امجد خان اور ،مرکزی صدر جےٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لاء لگ چکا ہے؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جارہی ہے۔
ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کررہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں، کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جےیوآئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد ازجلد رہا کرے، ہم پر امن ہوکر تھوری دیر میں سرگودھا جلسہ کی جانب روانہ ہونگے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔


