برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، زندہ رہوں گا تو بے گناہی ثابت کروں گا، عمران خان کا خط
شیئر کریں
بشریٰ بی بی نے علاج اور سرجری کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا، عمران خان کا خط بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو پہنچا دیا گیا۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، میرا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ براہِ کرم عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ممکن بنائیں، زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے علاج اور سرجری کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کو سرجری کے لیے تمام ضروری سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں اور فوری طبی نگہداشت و علاج کے لیے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا جبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے آنکھ کی ممکنہ سرجری سے متعلق بھی بتایا تھا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں مشکلات اور آنکھ میں تکلیف کا سامنا تھا، تاہم شکایت کے 7 سے 8 روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کی جائے گی۔


