میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ پبلک سروس کمیشن کے سی سی ای 2023ء میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نیب تحقیقات

سندھ پبلک سروس کمیشن کے سی سی ای 2023ء میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نیب تحقیقات

جرات ڈیسک
پیر, ۱۲ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

20 اکتوبر کو گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے افسر کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت

انٹرویوز کی ویڈیوز اور میرٹ کا فارمولہ طلب

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے کمبائنڈ کمپیٹیٹو ایگزامینیشن (سی سی ای) 2023ء کے انعقاد اور نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے کمیشن کے سیکریٹری کو نیب آرڈیننس 1999ء کی دفعات 18 (بی) اور 19 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے ایس پی ایس سی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے ایسے افسر کو نامزد کیا جائے جو امتحانی قوانین و ضوابط سے مکمل واقفیت رکھتا ہو۔

مذکورہ افسر کو 20 اکتوبر 2026ء کو صبح 11 بجے نیب کراچی کے دفتر میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بطور گواہ پیش ہوکر مطلوبہ ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب نے تحقیقات کے سلسلے میں تمام امیدواروں کے انٹرویوز کی ویڈیو ریکارڈنگز اور انٹرویو پینل کے ارکان کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ اس کے علاوہ تحریری امتحان اور زبانی انٹرویو میں نمبروں کی تقسیم، میرٹ مرتب کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ریاضیاتی فارمولے اور متعلقہ ڈیٹا بیس بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

طلب کردہ ریکارڈ میں اسکریننگ ٹیسٹ اور تحریری امتحان میں شریک تمام کامیاب اور ناکام امیدواروں کا ڈیٹا، کوٹہ پالیسی کے قواعد، کامیاب امیدواروں کے تقرری کے پیش کش نامے اور ملازمت شروع کرنے سے متعلق رپورٹس بھی شامل ہیں۔

نیب نے مطلوبہ معلومات ورڈ، ایکسل اور پی ڈی ایف فارمیٹس میں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق نیب کے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ معلومات چھپانے، ریکارڈ میں ردوبدل کرنے یا تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی صورت میں متعلقہ قانون کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

نوٹس میں نیب آرڈیننس کی دفعہ 31 کا حوالہ دیتے ہوئے قصوروار قرار پانے والوں کے لیے 10 سال تک قید کی سزا کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔تاہم، سی سی ای 2023ء میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق الزامات کی حتمی تصدیق تحقیقات اور متعلقہ ریکارڈ کے جائزے کے بعد ہی ہوسکے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں