کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، شہری سڑکوں پر آگئے، کے الیکٹرک دفتر کے باہر دھرنا
شیئر کریں
مظاہرین کی کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کرنے کا مطالبہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے کے الیکٹرک دفتر کے باہر دھرنا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیدری مارکیٹ میں کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر مظاہرین نے دھرنا دے دیا۔
اورنگی ٹاؤن، سائٹ ایریا، فرنٹیئر کالونی، ضیا کالونی، میٹروول اور بوانی چالی کے مکینوں نے بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، احتجاج میں علما کرام اور علاقہ معززین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کرنے اور بجلی کی بندش کا دورانیہ کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بجلی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کیا جائے۔


