مولانافضل الرحمن کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات،متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان
شیئر کریں
آغاز اچھا ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیلئے بھی ماحول بننا چاہئے، میڈیا سے گفتگو
کیا پی ٹی آئی کا سڑکوں پر بھی ساتھ دینگے یا پارلیمنٹ میں ، صحافی کا سوال
ہم سورة فاتحہ پڑھتے ہیں ،آپ سور ةالناس پر پہنچ جاتے ہیں، قائد جمعیت کا جواب
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سربراہ جے یو آئی (ف) مولانافضل الرحمن نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔ جمعرات کو مولانا فضل الرحمن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
مولانا فضل الرحمان کے وفد میں کامران مرتضی اور مولانا واسع شامل تھے جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اصولی طور پر اتفاق ہوا ہے کہ ہمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہئے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں،
اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی، اس پر مزید ملاقاتیں ہوں گی، امید ہے کہ اچھا آغاز ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیلئے بھی ماحول بننا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کو ساتھ ملانے کے سوال پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا سڑکوں پر بھی ساتھ دیں گے یا پارلیمنٹ میں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ہم سورة فاتحہ پڑھتے ہیں اور آپ سور ةالناس پر پہنچ جاتے ہیں۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اگر میرے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ہوچکا ہوتا۔


