سندھ بلڈنگ، ناظم آباد میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات، عوام میں تشویش
شیئر کریں
نمائشی انہدامی کارروائیوں ، مالی بے ضابطگیوں میں ملوث اے ڈی ذوالفقار راہو تعینات
شہریوں کارہائشی پلاٹ نمبر 1K7پر کمرشل تعمیر کی شفاف تحقیقات ، انتظامی نگرانی کا مطالبہ
ضلع وسطی ناظم آباد میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل تعمیرات کا سلسلہ دھڑلے سے جاری ہے ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار علی راہو کی ناظم آباد میں دوبارہ تعیناتی کے بعد سماجی اور شہری حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی موصوف کو ناظم آباد کا چارج سونپا گیا تھا، جہاں ان کے دورِ تعیناتی میں نمائشی انہدامی کارروائیوں کے نام پر مبینہ طور پر خطیر رقوم کی بندر بانٹ کی شکایات سامنے آئی تھیں۔شہری حلقوں کے مطابق اس وقت بھی متعدد متاثرین نے انتظامی رویوں اور منتخب کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، تاہم معاملے کی شفاف تحقیقات نہ ہونے کے باعث صورتحال جوں کی توں رہی۔ اب ایک بار پھر انہی افسر کی تعیناتی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔سماجی تنظیموں اور علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ناظم آباد نمبر 1 کے رہائشی پلاٹ نمبر K7 پر جاری کمرشل تعمیر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کی جائے ۔ ماضی میں سامنے آنے والے الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ شہریوں کا اعتماد بحال ہو سکے ۔جرأت سروے ٹیم کی جانب سے موقف لینے کے لئے سندھ بلڈنگ حکام سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔(نمائندہ جرأت)


