آزادی یا کفن، حقیقی آزادی چھین کرلیں گے ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
شیئر کریں
اس بار ڈی چوک سے کفن میں آئیں گے یا کامیاب ہوں گے،محمود اچکزئی کے پاس مذاکرات یا احتجاج کا اختیار ہے، وہ جب اور جیسے بھی کال دیں تو ہم ساتھ دیں گے ،سہیل آفریدی کا جلسہ سے خطاب
میڈیٹ چور جو ‘کا کے اور کی’ کو نہیں سمجھ سکتی مجھے مشورے دے رہی ہے، پنجاب پولیس کو کرپٹ ترین ادارہ بنایا گیا ہے، پنجاب میں سرمایہ کاری کم ہوگئی ہے اور مشورہ بھی ہمیں دیا جارہا ہے ،مریم نواز پر تنقید
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ اس بار ڈی چوک جائیں گے تو آزادی لیکر یا کفن میں واپس آئیں گے۔کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی چیٔرمین کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، جج سے ملنے جاتے ہیں ہمیں ملنے نہیں دیا جاتا، جنہوں نے ہمارے منڈیٹ کی حفاظت کرنی تھی انہوں نے ڈاکہ ڈالا ہوا ہے، ہمارے محافظ ہی ہمارے قاتل بنے ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کچھ ٹاؤٹس رات کو میڈیا پر بیٹھ کر گولیوں کی دھمکی دیتے ہیں۔ عمران خان نے احتجاج یا مذاکرات کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دی ہے، جب بھی انکی طرف سے کال آئے گی سب نے تیار رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکر حقیقی آزادی ان سے چھین کر لینی ہے، وفاقی حکومت نے 5 ہزار 3 سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے، پاکستان پر قرضہ 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، ہمیں گورننس کا مشورہ دینے والوں نے ملک کو قرضے میں ڈبو دیا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیٹ چور جو ‘کا کے اور کی’ کو نہیں سمجھ سکتی مجھے مشورے دے رہی ہے، پنجاب پولیس کو پورے پاکستان میں کرپٹ ترین ادارہ بنایا گیا ہے، سرمایہ کاری خیبرپختونخوا میں ہورہی ہے پنجاب میں سرمایہ کاری کم ہوگئی ہے اور مشورہ بھی ہمیں دیا جارہا ہے۔


