میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ذہنی ٹارچر کا الزام، بہن عظمیٰ خانم کی 29 روز بعد عمران خان سے ملاقات

ذہنی ٹارچر کا الزام، بہن عظمیٰ خانم کی 29 روز بعد عمران خان سے ملاقات

جرات ڈیسک
منگل, ۲ دسمبر ۲۰۲۵

شیئر کریں

عمران خان بہت غصے میں تھے کہا کہ یہ مجھے ذہنی ٹارچر کر رہے ہیں ان سب کا ذمہ دار ایک شخص ہے، عظمی خانم

۔۔۔۔۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی بہن عظمیٰ خانم کی 29 روز بعد ملاقات ہوگئی،

عظمیٰ خانم کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت الحمدللہ ٹھیک ہے مگر وہ بہت غصے میں تھے اور انکشاف کیا کہ انہیں ذہنی ٹارچر کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان سے ان کی بہن عظمی خانم کی ملاقات ہوئی۔ ڈاکٹر عظمی خانم اکیلی گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل روانہ ہوئیں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پیغام دیا کہ ون پرسن ون ملاقات کی اجازت ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ خانم کو خصوصی گاڑی میں ناکہ سے گاڑی پر جیل لے جایا گیا۔

جیل حکام نے 29 روز بعد بانی سے ملاقاتیں بحال کی ہیں تاہم علیمہ خانم اور بیرسٹر سلمان اکرم راجا کو اجازت نہیں مل سکی۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ جیل کی تاریخ کے سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔

پی ٹی آئی خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود رہی، ملاقات کی اجازت ملنے پر کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

ملاقات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سیکیورٹی سخت کی گئی جبکہ اڈیالہ روڈ پر واقع تمام تعلیمی اداروں اور دکانوں کو بند کروا دیا گیا۔

پی ٹی آئی نے 6 وکلاء رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کو بھیجی۔ فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر سلمان صفدر کے نام شامل ہیں جبکہ علی زمان، سردار نبی اور طلعت محمود کے نام بھی فہرست میں شامل تھے۔

عظمی خانم اپنے بھائی عمران خان سے 20 منٹ کی ملاقات کے بعد باہر آئیں اور اڈیالہ کے باہر ہی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عمران خان کی صحت الحمد اللہ ٹھیک ہے اور وہ مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔

عظمیٰ خانم کے مطابق بانی نے کہا ہے کہ یہ کسی سے بات کراتے ہیں اور نہ ہی ملاقات کی اجازت ہے، یہ مجھے ذہنی ٹارچر کررہے ہیں، ان سب کا ذمہ دار ایک شخص ہے۔

عظمی خانم نے مزید کہا کہ عمران خان بڑے غصے میں تھے، انہیں سارا دن کمرے میں بند رکھا جاتا ہے اور کبھی کبھی باہر نکالتے ہیں۔

ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی کے ورکرز کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے قریب جمع رہی جس نے شدید نعرے بازی کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں