پاکستان پوسٹ کے ذریعے ممنوعہ اشیاء گٹکا،ماوا ، چھالیہ سپلائی
شیئر کریں
پاکستان پوسٹ کی ٹرین خیبر میل کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں میں سپلائی
گٹکا ،ماوا، چھالیہ میں ملوث پاکستان پوسٹ کے ملازم کے خلاف مقدمہ درج
( رپورٹ: افتخار چوہدری) پاکستان پوسٹ کے ذریعے ممنوعہ اشیاء گٹکا،ماوا اور چھالیہ سپلائی ہونے لگی۔ریلوے پولیس نے گٹکا ،ماوا، چھالیہ میں ملوث پاکستان پوسٹ کے ملازم سمیت 3ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے بڑی مقدار میں گٹکا ماوا برآمد کر لیا۔برآمد گٹکا ،ماوا کراچی سے حیدرآباد بذریعہ ٹرین بھیجا جا رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق کینٹ ریلوے اسٹیشن پر واقع پلیٹ فارم نمبر 7اور 8 پر پاکستان پوسٹ کا سامان موجود تھاجو پاکستان پوسٹ نے ٹرین خیبر میل کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں کے لیے سپلائی کرنا تھا۔ ریلوے پولیس نے چیکنگ کے دوران پوسٹ آفس کے سامان سے 3عدد مشکوک بورے برآمد کر لیے ۔برآمد بوروں کے اندر بڑی مہارت کے ساتھ نجمہ زعفرانی تمباکو کے 800پیکٹ ،زعفرانی عزیزی پتی 170 کے 1296 پیکٹ چھپائے گئے تھے ۔برآمد ہونے والا گٹکا ،ماوا کراچی سے حیدرآباد کے لیے بھیجا جا رہا تھا۔ریلوے پولیس نے ممنوعہ سامان اپنی تحویل میں لے کر کراچی سے بھیجنے والا ملزم کاشف ،حیدرآباد میں وصول کرنے والا ملزم روی شنکر اور پاکستان پوسٹ آفس کے ڈی اے چورنگی حیدری مارکیٹ برانچ کا ملازم سلیمان کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔ریلوے پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی عمل میں لا رہی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان پوسٹ آفس کے قبضہ سے گٹکا ،ماوا اور چھالیہ برآمد پر 4مقدمات درج ہو چکے ہیں ۔پہلی بار ریلوے پولیس نے پاکستان پوسٹ آفس کے ملازم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ایس ایچ او کینٹ ریلوے اسٹیشن اصغر بروہی کا کہنا ہے کہ پاکستان پوسٹ آفس کے مزید اہلکاروں سے بھی تفتیش کی جائے گی ۔اس گھناؤنے کاروبار میں کوئی اہلکار یا افسر ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ریلوے پولیس کسی بھی شخص یا ادارے کو اسمگل شدہ سامان گٹکا، ماوا اور ممنوعہ اشیاء کی ترسیل کی اجازت نہیں دے گی ۔


