نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان
شیئر کریں
عام انتخابات میں جہاں دوسرے نمبر پر (ن) لیگ تھی وہاں پیپلزپارٹی امیدوار کھڑا نہیں کریگی
ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اور بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ، راجہ پرویز، حنیف عباسی
حکمران اتحاد پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے ضمنی انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر حنیف عباسی اور پی پی پی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے نہ کرنے کا اعلان کیا۔ رہنما پی پی پی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کی ملاقات دونوں جماعتوں کے قائدین کی ہدایت پر ہوئی اور اس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی اور دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں جہاں دوسرے نمبر پر (ن) لیگ تھی وہاں پیپلزپارٹی امیدوار کھڑا نہیں کریگی، اسی طرح جہاں پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر تھی وہاں مسلم لیگ (ن)اتحادی جماعت کے امیدوار کو سپورٹ کریگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم مل کر ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے اور بھرپور کامیابی حاصل کریں گے ۔ وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں جماعتیں سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں اور ضمنی انتخابات دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی۔حنیف عباسی نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گی۔


