رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ،پہلا روزہ (کل) اتوار 28 مئی کو ہو گا، مفتی منیب الرحمان
شیئر کریں
اسلام آباد(ویب ڈیسک)رمضان المبارک کا چاند ملک بھر میں کہیں نظر نہیں آیا پہلا روزہ (کل) اتوار 28 مئی کو ہو گا ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے جمعہ کو وزارت مذہبی امور کی بلڈنگ میں منعقدہ مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ رمضان المبارک 1438 ھ کا چاند دیکھنے کیلئے اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے ۔ ملک کے کسی حصے سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لئے پہلا روزہ اتوار 28 مئی کو ہو گا ۔
علاوہ ازیں بھارت اور بنگلا دیش میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا بھارت کی ریاستوں اڑیسہ، مہاراشٹرا، جھاڑکنڈ سمیت کئی ریاستوں کے شہروں میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند نظر نہ آنے کی شہادتوں کے بعد یکم رمضان المبارک 1438 ہجری بروز اتوار پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔ بھارت میں سرکاری سطح پر چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی قائم نہیں جس کے باعث علما کرام مقامی سطح پر چاند دیکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔دوسری جانب بنگلا دیش میں بھی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت سامنے نہ آنے کے بعد اتوار کے روز پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔