
محکمہ ماحولیات، سیپا میں وقار پھلپوٹو نئے ڈی جی تعینات
شیئر کریں
سابق ڈی جی نعیم مغل کے تمام چہیتوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا،بدعنوان بے چین
نعیم مغل کی اپنے پسندیدہ جونیئر افسر کو نیا ڈی جی سیپا تعینات کرانے کی کوششیں ناکام
محکمہ ماحولیات کے ماتحت ادارے سیپا میں وقار پھلپوٹو نئے ڈی جی تعینات ہو گئے ، سابق ڈی جی نعیم مغل کے چہیتوں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کے ماتحت ادارے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) میں نعیم مغل کا 15 سال سے راج تھا، 2 دو برس قبل نعیم مغل کی جانب سے چھٹی پر جانے کے بعد ان کی سفارش پر ایک جونیئر افسر کو قائم مقام ڈی جی سیپا تعینات کیا گیا، نعیم مغل گزشتہ ماہ ریٹائر ہونے کے بعد دوبارہ کانٹریکٹ پر تعینات ہونے کی کوششوں میں مصروف رہا، نعیم مغل کی کوشش تھی کہ ان کی تعیناتی نہ ہونے کی صورت میں ان کے پسندیدہ جونیئر افسر کو نیا ڈی جی سیپا تعینات کیا جائے لیکن نعیم مغل کی ایک نہ چلی اور حکومت سندھ نے سیپا کے سینئر ترین گریڈ 20 کے افسر وقار حسین پھلپوٹو کو نیا ڈی جی تعینات کیا ہے ۔ سیپا میں نئے ڈی جی کی تعیناتی کے بعد سابق ڈی جی نعیم مغل کے چہیتے افسران ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کامران یا کامران کیمسٹ سمیت دیگر افسران کا مستقبل خطرے سے دو چار ہے کیونکہ نعیم مغل نے کامران کیمسٹ اور دیگر چہیتے افسران کو اضافی پوسٹنگ سے نوازا، سابق ڈی جی سیپا نعیم مغل کے چہیتے افسر نعیم مغل حکومت سندھ سے چھٹی لینے کے علاوہ پی ایچ ڈی کرنے کے لئے کینیڈا چلے گئے جس پر کامران کیمسٹ کو بھگوڑا قرار دیا گیا اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی لیکن نعیم مغل نے کامران کیمسٹ کے خلاف کارروائی نہیں کی، نعیم مغل کے ایک اور چہیتے افسر کو کرپشن کی شکایات پر لاڑکانہ تبادلہ کیا گیا لیکن کچھ وقت کے بعد مذکورہ افسر کو دوبارہ کراچی میں پوسٹنگ دے دی گئی، نعیم مغل کے دور میں جعلی ماحولیاتی منظوریاں دی گئیں جس پر انکوائری بھی کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی، سابق ڈی جی نعیم مغل کے مبینہ فرنٹ مین کی املاک تفصیلات بھی سامنے آئیں لیکن اس کے خلاف بھی کارروائی نہیں کی گئی۔