
صدر زرداری کے بھائی اویس ٹپی کے فرنٹ مین نیب کے ریڈار پر
شیئر کریں
سابق صوبائی وزیر اویس مظفر ٹپی کے مبینہ فرنٹ مینوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز
ڈپٹی سیکرٹری یار محمد بوزدار نے ضمانت کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا
نیب نے صدر زرداری کے چھوٹے بھائی اویس مظفر ٹپی کے مبینہ فرنٹ مینوں کے خلاف تحقیقات کا آغار کر دیا، نیب نے محکمہ ریونیو سندھ کے افسر کو طلب کر لیا، تحقیقات شروع ہونے پر افسر ضمانت کے لئے احتساب عدالت پہنچ گئے ۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اور سابق صوبائی وزیر اویس مظفر ٹپی کے مبینہ فرنٹ مینوں کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، نیب کی جانب سے اویس مظفر ٹپی کے مبینہ فرنٹ میں ڈپٹی سیکریٹری بورڈ آف ریونیو یار محمد بوذار کو طلب کرلیا گیا ہے ، تحقیقات شروع ہونے پر ڈپٹی سیکرٹری یار محمد بوزدار نے ضمانت کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا، عدالت نے یار محمد بوزدار کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ نیب حکام کے مطابق یار محمد بوذار اور آفتاب حسین مبینہ طور پر اویس مظفر ٹپی کے فرنٹ میں ہیں، یار محمد بوزدار، آفتاب حسین و دیگر پر بطور فرنٹ مین زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے ، یار محمد بوزدار و دیگر پر آمدن سے زائد اثاثے بھی بنانے کا الزام ہے ۔ جبکہ یار محمد بوزدار نے موقف اختیار کیا ہے کہ میں سرکاری ملازم ہوں۔ میرا اویس مظفر ٹپی سے کوئی تعلق نہیں ہے ، میرے پاس زمین کی الاٹمنٹ کا اختیار ہی نہیں ہے ۔ عدالت نے یار محمد بوزدار کی 5 لاکھ روپے میں ضمانت منظور کر لی ہے ۔