
آبادکا پورشن مافیا کیخلاف آپریشن کی حمایت کااعلان
شیئر کریں
غیرقانونی تعمیرات کرنے والے عناصر کی گرفتاریاں سندھ حکومت کے موثر اقدام کا نتیجہ ہیں
کارروائیاں نہایت قابل تحسین ہیں، کریک ڈاؤن کو پورے سندھ میں پھیلا جائے،حسن بخشی
آبادنے ضلع وسطی میں پورشن مافیا کے خلاف ایس بی سی اے کے آپریشن کی حمایت کااعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کا غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن کو پورے سندھ میں پھیلا جائے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے)کی جانب سے ضلع وسطی میں جاری پورشن مافیا کے خلاف کارروائیوں کی یسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے مکمل حمایت کااعلان کردیا ہے۔آباد کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں ایس بی سی اے کی جانب سے غیرقانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف کیے جانے والے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں نہایت قابل تحسین ہیں۔انہو ں نے کہا کہ غیرقانونی تعمیرات کرنے والے عناصر کی گرفتاریاں سندھ حکومت کے موثر اقدام کا نتیجہ ہیں، جس پر ہم حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔حسن بخشی کا کہنا تھا کہ ہماری انتظامیہ سے گزارش ہے کہ اس آپریشن کو صرف ضلع وسطی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کا دائرہ کار شہر کے تمام اضلاع تک وسیع کیا جائے تاکہ ہر جگہ غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ مکمل غیر جانبداری کے ساتھ اس آپریشن کو یقینی بنائیں۔ چیئرمین آباد نے بتایاکہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد نہ تو معیاری سیمنٹ اور سریے کا استعمال کرتے ہیں اور نہ ہی کسی پیشہ ور انجینئر کی خدمات حاصل کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیراتی کے خلاف آپریشن سے عوام کو تحفظ فراہم ہوگا اور عوام کا حکومت پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔حسن بخشی نے زور دے کر کہا کہ ایسے عناصر کو بلڈر کہنا اصل بلڈرز کی توہین ہے، یہ لوگ درحقیقت یونٹ (پورشن)مافیا اور مجرم ہیں، جبکہ اصل بلڈر وہی ہے جو آباد کا رجسٹرڈ ممبر ہو۔اننھوں نے حکومت سندھ کی جانب سے کیے جانے والے اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آباد اس آپریشن میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شہر بھر میں اس مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔