
شاہین، شاداب کیلئے ٹی20 سیریز ڈراؤنا خواب بن گئی
شیئر کریں
دونوں اسٹار کرکٹرز 5 میچز کی سیریز میں خاموش تماشائی رہے، کوئی کردار ادا نہ کر سکے
نائب کپتان شاداب خان نے 13 اوورز میں 143 رنز دیئے اور صرف ایک وکٹ لی
نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی20 سیریز میں بطور نائب کپتان ٹیم میں واپسی کرنیوالے آل راؤنڈر شاداب خان خاموش تماشائی بنے رہے۔تفصیلات کے مطابق آل رائونڈر شاداب خان کو نائب کپتان بناکر ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا مگر وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پوری سیریز میں ناکام رہے، انھوں نے کسی ایک میچ میں بھی اپنے تجربہ کار ہونے کا ثبوت نہیں دیا، 5 میچز کی 4 اننگز میں 14.50 کی معمولی اوسط سے 58 رنز بنائے۔مجموعی طور پر 13 اوورز میں 143 رنز کی پٹائی برداشت کرتے ہوئے صرف ایک وکٹ لی، ان کی ایوریج 143 اور اکانومی ریٹ 11 رہا۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی کیلئے یہ سیریز ڈرائونا خواب ثابت ہوئی اور 4 میچز میں 66.50 کی ایوریج سے صرف 2 وکٹیں حاصل کیں۔بلے بازوں میں کپتان آغا سلمان سب سے زیادہ 167 رنز 41.75 کی اوسط سے بنائے، حسن نواز ڈیبیو سیریز میں 3 بار صفر اور ایک میچ میں ایک رن بنا پائے تاہم تیسرے میچ میں ناقابل شکست 105 رنز کی بدولت وہ ٹیم کے دوسرے کامیاب بیٹر ثابت ہوئے، ان کی اوسط 26.50 رہی۔عبدالصمد نے 66 رنز 16.50 کی اوسط سے بنائے، اوپنر محمد حارث نے 13 کی معمولی ایوریج سے 5 میچز میں 65 اور عرفان خان نے 3 مییچز میں 12 کی ایوریج سے 36 رنز بنائے، عمر یوسف اور عثمان خان نے ایک ایک میچ کھیلا اور 7، 7رنز اسکور کیے۔دوسری جانب بولرز میں حارث رئوف نے سب سے زیادہ 8 وکٹیں 12.25 کی اوسط سے حاصل کیں، ابرار احمد نے 5، عباس آفریدی نے 3 شکار کیے، ، صفیان مقیم نے ایک ہی میچ میں موقع ملنے پر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جہانداد خان، محمد علی اور خوشدل شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔