آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیا پرومو جاری کر دیا
شیئر کریں
لندن : آئی سی سی نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیا پرومو جاری کیا ہے جس میں وسیم اکرم شائقین کا جوش جگا رہے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا نیا جوش اور ولولہ بڑھاتا نیا پرومو جاری کر دیا ہے۔
اس پرومو میں سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے اور کرکٹ کے سنسنی خیز لمحات کے ساتھ بیک گراؤنڈ میں کرکٹ کی وائٹ جیکٹ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
وسیم اکرم پرومو میں سفید جیکٹ کو کرکٹ کے لیے قابل فخر قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو چیمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز لمحات پر مبنی سفر کا حصہ بننے کی دعوت دے رہے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے پرومو میں جنوبی افریقہ کے ڈی کاک اور ریزا ہینٹرکس، آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، انگلینڈ کے جوفرا آرچر، پاکستان کے سابق آل راونڈر عبدالرزاق، فاسٹ بالر شاہین آفریدی، بابر اعظم، بھارتی بولر جسپریت بمراہ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
اس پرومو میں کرکٹ کے سنسنی خیز لمحات کے ساتھ 2017 میں پاکستان کے لارڈز کے میدان میں تاریخی فتح اور کپتان سرفراز احمد کو چیمپئنز ٹرافی تھامے بھی دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منی ورلڈ کپ کہلانے والے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ کا 8 سال بعد انعقاد ہو رہا ہے۔ 2017 میں برطانیہ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے فائنل میں بھارت کو دھول چٹاتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
پاکستان ایونٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔