زیادہ ٹیکس پاکستان کونہیں چلنے دیں گے ،وزیراعظم
شیئر کریں
کراچی : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دیں گے تاہم ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنے ہیں اور وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار اسٹاک مارکیٹ کا دورہ کرنے پر خوشی ہوئی ہماری کامیابیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں ہمیں اب معاشی نمو کی جانب بڑھنا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی تیزی کو اب معیشت کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے، ماضی میں بھی بڑے خوش نما پروگرام دیکھے اور سنے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو نہیں چلنے دیں گے، ہمیں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پورے کرنے ہیں تاہم وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔انہوں ںے کہا کہ ایک زمانے میں کراچی کی روشنیاں ختم ہوگئی تھیں مگر اب کراچی میں دوبارہ روشنیاں آچکی ہیں کراچی ہمارا تجارتی، فنانشل اور ایکسپورٹس کا مرکز ہے، اب ہم اڑان پاکستان کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید اوپر لے کر جائیں گے۔
قبل ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے پی اے ایف بیس فیصل کراچی میں وزیراعظم کا استقبال کیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت علی پرویز ملک بھی ان کے ہمراہ پہنچے۔
وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بعد کے پی ٹی اور آغا خان یونیورسٹی میں ہونے والی تقاریب میں شرکت کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیراعظم سے بزنس کمیونٹی اور دیگر وفود ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہوں، ملک کا ٹیکس سلیب نظام معیاری نہیں، معیشت کی بہتری کے لیے ماہرین کی تجاویز درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا آغاز ہوچکا ہے، ملک میں معاشی استحکام آنے پر تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے تمام تجربہ کار لوگوں کے مشورے درکار ہوں گے، ٹیکس کے حوالے سے معاملات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں صبر و تحمل اور دانش مندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، کہا جاتا ہے کہ برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جائے لیکن مجھے اس حوالے سے عملی تجاویز درکار ہیں، وسائل کے حوالے سے پاکستان خود کفیل ہے، ہمارے پاس اربوں ڈالرز کے خزانے مدفن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دلخراش ماضی میں نہیں جانا چاہتا، جو ہوا اس پر رونے کا کوئی فائدہ نہیں، ہمیں اپنا سبق سیکھنا ہوگا اور آگے بڑھنا ہے، ملکی ترقی کے لیے معیشت کے ماہرین اپنے وسیع تجربے سے ہماری رہنمائی فرمائیں۔
آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے شعبہ صحت کیلئے رہنما اصولوں پر مبنی کتاب مینوئل آف کلینیکل پریکٹس گائیڈلائنز کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،خادم پاکستان کا حلف اٹھاتے ہی وعدہ کیا تھا کہ جب تک ہر پاکستانی کو معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات تک رسائی نہ مل جائے چین سے نہ بیٹھوں گا، کلینیکل پریکٹس کے تحقیق کے بعد بنائے گئے رہنما اصول پاکستان کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آغا خان فائونڈیشن کی پاکستان میں عوامی فلاح کیلئے گراں قدر خدمات ہیں،آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے تناظر میں لکھی گئی رہنما اصولوں کی کتاب پاکستان کے شعبہ صحت کی اصلاحات میں ایک درخشاں باب کا اضافہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کلینیکل پریکٹس کے تحقیق کے بعد بنائے گئے رہنما اصول پاکستان کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔