میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایم ڈی اے میں کھلبلی، بدعنوان عرفان بیگ ، لئیق احمد کے سسٹم کے سرپرستوں سے رابطے

ایم ڈی اے میں کھلبلی، بدعنوان عرفان بیگ ، لئیق احمد کے سسٹم کے سرپرستوں سے رابطے

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۹ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

(نمائندہ جرأت)ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بطور ڈی جی ، نجب الدین سہتو کے تبادلے کے باوجود تاحال سسٹم کے پنجے گہرے گڑے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نجب الدین سہتو، لئیق احمد، اور عرفان بیگ کے تگڑم سے چلنے والے سسٹم نے کرپشن ، زمینوں پر ناجائز قبضوں اور اختیارات کے غیر قانونی استعمال کی تمام حدیں پار کر رکھی تھیں۔ یہاں تک کہ سسٹم مافیا سے جڑے ان کرداروں نے وزیر بلدیات ، اینٹی کرپشن سمیت مختلف اداروں میں جاری تحقیقات اور عدالتی احکامات کی بھی کوئی پروا نہیںکی۔ اس دوران سسٹم کے تقاضے پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف انتقامی کارروائیوںکا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ بھی جاری رکھا گیا۔ اس حوالے سے نجب الدین سہتو وہ بدترین کردار ثابت ہوا جو اپنے ہی ماتحتوں کی تحویل میںرہ کر سسٹم کا ایک حاشیہ بردار رہا۔ اطلاعات کے مطابق پانچ گریڈ کے میل ویکسی نیٹر عرفان بیگ اور لئیق احمداپنے ڈی جی نجب الدین سہتو کو اپنی مرضی سے ہانکتے رہے۔ لئیق احمد اور عرفان بیگ کی جانب سے یہ دعویٰ بھی ہوتا رہا کہ13 مارچ کو نجب الدین سہتو کو واپس لانے والے وہی ہیں۔ سابق ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل علی اسد بلوچ کے مطابق نجب الدین تیسر ٹاؤن سیکٹر 6Bمیں عرفان بیگ اور لئیق احمد کے ساتھ قبضوں میں برابر کے شریک ہیں۔ بقول علی اسد بلوچ کے جب وہ تیسر ٹاؤن میں مطلوبہ جگہ پر گئے تو نجب الدین سہتو نے کال کرکے علی اسد بلوچ کو ڈانٹا کہ’’ آپ 6B والے ا سپاٹ پر کیا کر رہے ہو ، نکلو آپ وہاں سے اور نیو ملیر ہاؤسنگ ا سکیم ون جاؤ‘‘۔ ذرائع کے مطابق نجب الدین سہتو بھی تیسر ٹاؤن والے اس قبضے میں شامل تھا اور اس قبضے کی مد میں بھاری رقم نجب الدین سہتو کو بھی ملی ہے۔ علی اسد بلوچ کو چھ ماہ ڈمی کے طور پر استعمال کیا گیا۔ ان چھ ماہ میں نجب الدین سہتو کی معاونت سے تیسر ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن، اور نیو ملیر ہاؤسنگ سکیم ون میں قبضے عرفان بیگ اور لئیق احمد نے کروائے اور جب میڈیا اور عوام کا دباؤ آیا تو سارا ملبہ علی اسد بلوچ پر ڈال کر اس کو معطل کر کے کمیٹی بنا دی گئی اور اس کیمٹی کا ممبر لئیق احمد کو بنایا گیا جو خود ایک بدنام زمانہ لینڈ گریبر اور سادہ ڈپلومہ ہولڈر اور جعلی لے آوٹ پلان کا ماسٹر ہے ۔ نئے ڈی جی ایم ڈی اے کی تعیناتی کے بعد ذرائع یہ بتا رہے ہیںکہ موصوف اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں اور ان کے آنے سے اس مافیا کو مزید پنپنے کی امید نہیں ہے۔تاہم تاحال عرفان بیگ اور لئیق احمد ایم ڈی اے پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے اور نئے ڈی جی کو رام کرنے کے لیے سسٹم مافیا کے سرپرستوں سے رابطوں میں مصروف ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں