غزہ میں بفر زون کے قیام کو مسترد کرتے ہیں،فلسطینی ایوان صدر
شیئر کریں
فلسطینی ایوان صدر کے سرکاری ترجمان نبیل ابو رودینہ نے اسرائیلی حکام کی جانب سے غزہ کے شہریوں کی نسل کشی، انہیں بھوک سے مارنے اور غزہ میں بفر زونز کے قیام کے خلاف امریکی خاموشی سے خبردار کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا اسرائیلی اقدامات کا مقصد شہریوں کو جبری مشقت میں دھکیلنا اور شمالی غزہ میں اپنے گھروں اور زمینوں سے بے گھر کرنا ہے ۔ ابو رودینہ نے مزید کہا کہ ہم امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قابض ریاست کو بین الاقوامی قرار دادوں اور بین الاقوامی قانون کی تعمیل کرنے پر مجبور کرنے کے لیے سنجیدہ اور موثر موقف اختیار کرے ۔ انہوں نے کہا ہمارے لوگوں، ہماری سرزمین اور ہمارے مقدسات کے خلاف اس کی جامع جنگ بند کرائی جائے یہ خطہ ان پالیسیوں کو مزید برداشت نہیں کر سکتا۔ ابو رودینہ نے اشارہ کیا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اس مسلسل جارحیت کے خطرناک نتائج کو روکنے کے لیے تیزی سے بین الاقوامی کارروائی کی ضرورت ہے ۔ فلسطینی ایوان صدرکے ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرے ۔ ان میں تازہ ترین قرارداد جنگ بندی، پوری غزہ کی پٹی میں امداد کے داخلے ، اس سے مکمل اسرائیلی انخلا اور ریاست کو فعال بنانے کے حوالے سے ہے ۔