احتجاج روکنے کی کوششیں ناکام،پی ٹی آئی کا آج ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ
شیئر کریں
پی ٹی آئی قیادت نے (آج)اتوارکو ہر صورت اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں تحریک انصاف کے بڑوں کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں (آج)اتوار کے احتجاج کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں موٹروے بند ہونے کے باعث جی ٹی روڈ کے ذریعے قافلوں کو روانہ کرنے پر مشاورت کی گئی۔ رکاوٹیں ہٹا کر موٹروے کھولنے کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ ہزارہ ، مالاکنڈ کے قافلوں کیلئے مختلف روٹس کے آپشن زیر غور آئے جبکہ ہیوی مشینری کو اٹک ، صوابی تک پہنچانے کیلئے بھی بات چیت ہوئی۔ دریں اثناء پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے کہا ہے کہ 24نومبر کو ملک بھر سے پر امن احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس 22اور 23نومبر کی درمیانی رات کو منعقد ہوا جس میں پاکستان کے تمام شہروں سے احتجاجی تحریک کے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق احتجاجی قافلے اسلام آباد کی طرف اپنے سفر کا آغاز کریں گے ، پاکستان بھر میں بے گناہ قید پارٹی لیڈرز، کارکنان اور بانی چیئرمین کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ 26ویں آئینی ترمیم واپس لینے اور فروری کے الیکشن کے حقیقی مینڈیٹ کی بحالی تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس بھی لیا جبکہ کمیٹی نے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کی اپیل کی۔