ٹی 20بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب
شیئر کریں
بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب لاہور میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی۔تقریب میں پاکستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، سری لنکا، افغانستان نے شرکت کی، تمام ٹیموں کو ڈھول کی تھاپ پر الحمرا ہال میں پہنچایا گیا، رومانیہ سے تعلق رکھنے والی نابینا خاتون نے پاکستانی نغمہ سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔افتتاحی تقریب کے موقع پر کلچر شو بھی پیش کیا گیا، تمام صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا، تقریب میں ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، جنہوں نے اس ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی، تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری بھی شریک ہوئے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ میں تمام مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سپورٹس محبت کا پیغام دیتی ہے اور زندہ دلان لاہور اس بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے ۔ پہلے میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ میں جوڑ پڑے گا، انڈیا کے دستبردار ہونے کے باعث بھارت اور بنگلہ دیش کا تیسرا میچ واک اوور ہوگیا۔