محکمہ اطلاعات سندھ،اشتہاری کمیشن مافیا کی ایک اور حرکت بے نقاب
شیئر کریں
( نمائندہ جرأت ) محکمہ اطلاعات سندھ میں کمیشن مافیا کی ایک اور حرکت بے نقاب ہوئی ہے ، تین ڈمی اخبارات کو دیے گئے اشتہار کا ریلیز آرڈر دو مرتبہ جاری کردیا گیا، کمیشن مافیا کے سسٹم کے تحت جاری دونوں ریلیز آرڈر کی کاپیاں روزنامہ جرأت کو موصول ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ چانڈیو کی سرپرستی میں کمیشن مافیا کا ڈمی اخبارات سے سسٹم برقرار ہے ، کمیشن مافیا کی جانب سے رواں برس کے ماہِ جون میں 11جون کو صرف تین ڈمی اخبارات کو میونسپل کمیٹی سانگھڑ کے اشتہار کاریلیز آرڈر جاری کیا گیا، جبکہ کھیل بے نقاب ہونے پر کمیشن مافیا نے11جون کو اُسی اشتہار کا دوسرا ریلیز آرڈر جاری کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جس میں ان ڈمی اخبارات کے ساتھ اور تین اخبارات کا نام بھی شامل کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو اور سارنگ چانڈیو کا ڈمی اخبارات سے بھاری کمیشن کا سسٹم جاری ہے ، اشتہارات پر کمیشن کے پیسے ایڈوانس میں وصول کیے جا رہے ہیں، ماہ جون میں سسٹم کے تحت صرف تین ڈمی اخبارات کو جب جاری کردہ اشتہار کا معاملہ بے نقاب ہوا تو انہوں نے دوسرا آر او جاری کروایا جس میں تین بڑے اخبارات کے نام بھی شامل کیے گئے ۔