سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں اندھیر نگری چوپٹ راج
شیئر کریں
محکمہ بلدیات سندھ کے ماتحت سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں اندھیر نگری چوپٹ راج، کروڑوں روپے کرپشن کا اعتراف کر کے نیب کو رضاکارانہ رقم واپس کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کے بجائے ترقی دے دی۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق سندھ کاؤنسل یونیفائیڈ گریڈ رولز 2020 کے رول 11 میں تحریر ہے کہ کسی بھی عدالت سے سزا یافتہ یا حکومت کی جانب سے برطرف شخص کو کسی بھی سروس کے لئے تقرر نہیں کیا جائے گا، رول (15) 3 میں تحریر ہے کہ محکمہ کی جانب سے کسی بھی چھوٹی یا بڑی سزا یافتہ شخص، کرپشن کی انکوائری زیر التوی ہونے کی صورت میں بورڈ کے افسر کی ترقی پر غور نہیں کیا جائے گا۔ نیب نے لوکل گورنمنٹ بورڈ کو 27 ستمبر 2016 کو ایک لیٹر ارسال کر کے کہا کہ کرپشن کا اعتراف کر کے قومی احتساب بیورو (نیب) کو رضاکارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ، نیب سے وی آر کرنے والے افسران کی فہرست دیگر اداروں کو فراہم نہیں کی گئی، کچھ وقت گذرنے کے بعد لوکل گورنمنٹ بورڈ نے نیب سے وی آر کرنے والے کچھ افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی، نیب سے وی آر کرنے والے افسران کو ترقی دینا محکمہ بلدیات سندھ اور بورڈ کے قواعد و ضوابط کی واضح خلاف ورزی ہے ۔ سندھ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے افسران کو نومبر 2023 میں آگاہ کیا گیا لیکن افسران نے ڈیپارٹمنٹل ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا اور کوئی کارروائی نہیں کی جس پر اعلی حکام نے انکوائری کرنے اور بورڈ کے ذمہ دار افسران کا تعین کرنے کی سفارش کی ہے ۔