امریکی صدارتی انتخاب:پولنگ ختم، ٹرمپ 247 اور کاملا نے 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے
شیئر کریں
امریکا میں 47 ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ اختتام کو پہنچ گئی ہے اور نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اب تک 247 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے ہیں جبکہ کاملا ہیرس 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکی ہے۔ واضح رہے کہ صدارتی انتخاب میں جیت کے لیے 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں جبکہ 7 پانسہ پلٹ ریاستیں ایریزونا، جیورجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور اور وسکونس جیت کی راہ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست انڈیانا، کینٹکی، مغربی ورجینیا، ٹینیسی، جنوبی کیرولائنا، فلوریڈا، الاباما، میسیسپی، آرکنساس، اوکلوہاما، لوزیانا، نبراسکا، جنوبی ڈکوٹا، شمالی ڈکوٹا اور ویومنگ میں کامیابی حاصل کی۔ ڈنلڈ ٹرمپ نے ریاست ٹیکساس سے 40، فلوریڈا میں 30، اوہایو 17،انڈیانا اور ٹینیسی میں 11، 11، جنوبی کیرولائنا اور الاباما میں 9،9، کینٹکی اور لوزیانا 8، 8،اوکلوہاما7 ، میسیسپی اور آرکنساس6،6،نبراسکا5، مغربی ورجینیا 4، جنوبی ڈکوٹا، شمالی ڈکوٹا اور ویومنگ میں 3،3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔ کاملا ہیرس نے ورمونٹ، الینوئے، نیوجرسی، میری لینڈ، ڈیلویئر، کنیکٹیکٹ، میسا چیوسٹس اور ورمونٹ میں کامیابی حاصل کی، انہوں نے الینوئے میں 19، نیوجرسی میں 14، میری لینڈ میں 10، ڈیلویئر میں 3، کنیکٹیکٹ میں 7، میسا چیوسٹس میں 11 اور ورمونٹ میں 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔ امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کے مطابق سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو کاملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، ایوان نمائندگان کی 100 نشستوں میں ری پبلکنز نے 51 سیٹیں جیت کر اکثریت حاصل کر لی، ڈیموکریٹس کی 42 نشستیں ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی انتخابات میں سب سے پہلے ریاست انڈیانا پاکستانی وقت کےمطابق صبح 4 بجے پولنگ کا وقت مکمل ہوا، جس کے بعد کینٹیکی،الاباما ،ایریزونا ، فلوریڈا اور جارجیا سمیت 16 سے زائد ریاستوں میں پولنگ مکمل ہوگئی، تقریباً تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل 12گھنٹے بلا تعطل جاری رہا، واضح رہے کہ امریکا میں 6 مختلف ٹائم زونز کے باعث پولنگ کا اختتام مختلف اوقات میں ہو گا۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی انتخابات میں ساڑھے 16 کروڑ ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں جبکہ قبل از وقت ووٹنگ میں 8 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق 7 معلق ریاستوں کا پولنگ ڈیٹا سامنے آگیا، پینسلوانیا، مشی گن اور وسکونسن میں کاملا ہیرس آگے ہیں جبکہ نیواڈا، جارجیا، شمالی کیرولائنا اور ایریزونا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو موجودہ نائب صدر پر برتری حاصل ہے ۔
ریپبلکن صدارتی امیدار ڈونلڈٹرمپ نے اب تک کے انتخابی عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکست ہوئی تو تسلیم کروں گا تاہم سابق صدر نے اپنے سوشل میڈیا ’ٹرتھ‘ پر ایک بیان میں کہا کہ فلاڈلفیا میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی باتیں ہو رہی ہیں، قانون نافذ کرنے والے آرہے ہیں‘۔
سابق صدر نے فوکس نیوز پر جانبداری کا الزام لگا دیا، انہوں نے کہا کہ فوکس نیوز اور اوپرا ونفری کے رویے سے مایوسی ہوئی، انہوں نے امریکی رائے کو تقسیم کر دیا، فوکس نیوز اور اوپراونفری کا طرز عمل انتہائی شرمناک ہے۔ قبل ازیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج کا الیکشن کادن امریکی تاریخ کا سب سے اہم دن ہوگا، ووٹرزکاجوش وخروش عروج پر ہے، لوگ امریکا کو دوبارہ عظیم بناناچاہتے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ اپنا ووٹ ڈالیں، چاہے جتنا بھی وقت لگے، قطار میں لگے رہیں۔
کاملا ہیرس پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ پہلے ہی ڈال چکیں
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیریس پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ پہلے ہی ڈال چکی ہیں۔ کاملا ہیرس نے اتوار کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی آبائی ریاست کیلی فورنیا کو میل ان بیلٹ ارسال کردیا ہے۔