سندھ انفارمیشن میں بدنامہ زمانہ کمیشن مافیا کو جھٹکا
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت)سندھ انفارمیشن میں بدنامہ زمانہ کمیشن مافیا کو جھٹکا، آئی او اور ڈپٹی ڈائریکٹر کا ادائیگی کے بلوں پر دستخط سے انکار۔
تفصیلات کے مطابق سندھ انفارمیشن میں متحرک کمیشن مافیا کو اس وقت قدرے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب آئی او لیاقت جمالی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ صاحب خان بھنڈ نے سیکریٹری اطلاعات کو خط لکھا۔ مذکورہ افسران نے سیکریٹری اطلاعات کے نام خط میں ادائیگی کے بلز پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی میں ایسی کوئی وضاحت نہیں ہے، مگر اُنہیں ان بلوں پر
ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یوسف کابورو دستخط کے لیے مجبور کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انفارمیشن میں جاری کمیشن مافیا کا کھیل ماضی کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار ہو چکا ہے۔ جبکہ اس پورے کھیل کا مکمل فائدہ جو اٹھا رہے ہیں اُن میں یوسف کابورو اور ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ چانڈیو شامل ہیں۔ مذکورہ افسران جو بلوں پر دستخط کرنے پر مجبور کیے جا رہے ہیں وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کمیشن کا کھیل کتنا بھاری پول رکھتا ہے مگر وہ اس سے مکمل باہر رکھے گئے ہیں۔ جبکہ یہ خطرہ تمام افسران محسوس کر رہے ہیں کہ موجودہ دور تبدیل ہوتے ہی یہ سارا دھندا قانونی گرفت میں آسکتا ہے۔ کیونکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاسی مصلحتوں کے باعث خاموش ضرور ہیںمگر وہ کمیشن ، ہائیڈ اشتہارات اور مخصوص اخبارات و ٹی وی چینلز پر ہونے والی مسلسل نوازشات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں۔ چنانچہ وہ افسران جو کسی بھی سطح پر کمیشن کے’’پول‘‘ سے فائدہ نہیں اُٹھا پا رہے وہ خود کو کاغذوں کی گرفت سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے جرأت کو کچھ ایسے ثبوت ملے ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ انفارمیشن افسران اشتہارات کے نام پر کس طرح پیسے بنارہے ہیںاس کی تفصیلات آئندہ اشاعتوں میںبیان کی جائیںگی۔