طالبہ سے زیادتی ، طلبا کا احتجاج، توڑ پھوڑ، 150 گرفتار
شیئر کریں
لاہور کے بعد صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی مختلف طالجوں کے طلبہ کی جانب سے توڑ پھوڑ اور احتجاج کے بعد کم از کم 150 طلبہ زیرِحراست ہیں۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں ویڈیو فوٹیجز اور تصاویر کے ذریعے طلبا کی شناخت کا عمل شروع کیا گیا اور توڑ پھوڑ میں ملوث 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ یا کوئی بھی غیر قانونی سرگرمی قابل برداشت نہیں ہے اور ساتھی طلبا، اساتذہ اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ کسی بھی لا اینڈ آرڈر صورتحال سے نمٹنے کے لئے راولپنڈی پولیس کی نفری شہر بھر میں مختلف مقامات پر تعینات ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے اور احتجاج کے پیچھے کار فرما عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔پولیس کے مطابق نجی کالج کے طلبہ کا احتجاج دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور راولپنڈی پولیس کے تازہ دم دستے امن و امان قائم کرنے کے لیے مختلف مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔