آئینی عہدوں کو گھسیٹا گیا تو صدر کے استعفے کا مطالبہ کریں گے ، فاروق ستار
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر آئینی عہدوں کو گھسیٹا گیا تو صدر پاکستان آصف علی زرداری کے استعفے کا مطالبہ کریں گے ۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا یہ پی پی رہنماؤں کا ایک غیرسیاسی رویہ ہے اور کم ظرفی کا مظاہرہ ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں عدالت کے فیصلے اور ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید کی بات کی لیکن پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے اصل مدعے کی بجائے ڈاکٹر خالد مقبول کی ذات کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو زبردستی اس پوری بحث میں گھسیٹا گیا۔ گورنر ایم کیو ایم کے ہیں لیکن وہ پارٹی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر گورنر کے استعفے کی بات کر رہی ہے تو وہ بحث کو کہیں اور لیکر جانا چاہتی ہے ۔ اگر آئینی عہدوں کو گھسیٹا گیا تو ایم کیو ایم صدر پاکستان کے استعفے کا مطالبہ کرے گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی اس غیر سیاسی رویے کی مذمت کرتا ہوں۔