اچھا تو پھر چلتے ہیں۔۔۔محمد زبیر کا نون لیگ چھوڑنے کا اعلان
شیئر کریں
مسلم لیگ(ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سابق ترجمان اور سابق گورنرسندھ محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق سابق ترجمان اور سابق گورنر محمد زبیر نے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، محمد زبیر سندھ کے گورنر اور نواز شریف کے ترجمان رہ چکے ہیں۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ کافی عرصے سے میں نے یہ فیصلہ کرلیا تھا، جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو ساتھ چلنا مشکل ہوگیا تھا۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا، مجھے تحریک عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے ابھی کسی اور پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آئندہ چند دنوں میں سیاسی مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا موقف تبدیل ہوگیا تھا اس لئے خود کو پارٹی سے الگ کرلیا، میں نے عوام کیلئے سیاست کرنی تھی، ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ چھوڑ کر ہر قیمت میں حکومت میں آنا ہے تو پھر کیا بات چیت کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جب پارٹی کے ساتھ تھا تو سویلین بالادستی کی بات ہوتی تھی، اب ہر قیمت پر پاور میں ہی رہنا تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے ، متنازع الیکشن کی بنیاد پر حکومت کی جائے تو یہ صحیح طریقہ نہیں۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پارٹی میں مختلف موقف شدید تھے اس لئے مفاہمت اور بیچ کی راہ نہیں ہوسکتا، مفتاح اسماعیل اور دانیال عزیز سے بھی پوچھیں تو پارٹی میں داد رسی کا کوئی فورم نہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں پہلے ہی مفتاح اسماعیل شدید اختلاف کے بعد ن لیگ چھوڑ چکے ہیں۔جبکہ نون لیگ کے پرانے رہنما ان دنوں شدید ادھیڑبن اور بے چینی کے شکار ہیں۔ حالیہ دنوں میںمسلم لیگ نون کی قیادت کا انحصار بشیر میمن پر کافی حد تک بڑھ گیا ہے جو نون لیگ میںنووارد ہیں ۔ نون لیگ کے ذرائع کے مطابق سندھ میں مسلم لیگ نون کے رہنما ایک ایک کرکے پارٹی سے الگ ہو رہے ہیں او ریوں نون لیگ عملاً مختلف رہنماؤں کی حدتک بھی سندھ میں اپنا وجود کھوتی جا رہی ہے۔