چینی باشندوں پر حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی ،وزیر داخلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی،بشام واقعہ میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی ملوث ہے، ثبوت موجود ہیں ،چینی شہریوں پر حملے کا سا را پلان افغانستان میں بنایا گیا چینی شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں سکیورٹی کے نئے ایس او پیز تیار کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایف آئی اے دفتر میں سربراہ نیکٹا رائے طاہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کے بشام میں چینی شہریوں پر حملے میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے جس کے اوپر ہمیں سنگین تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خاص طور پر چینی سیکیورٹی کو ٹارگٹ کر رہے ہیں اور انہوں نے پلان کر کے حملہ کیا، ہم نے یہ مسئلہ افغانستان کی عبوری حکومت کے سامنے اٹھایا ہے لیکن اب تک کوئی مثبت نتائج موصول نہیں ہوئے، ہم نے سرحدوں پر بھی سیکیورٹی کو بڑھا دیا ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس کے پیچھے کونسی طاقتیں ہیں جو پاکستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بشام میں حملے میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوا ، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے اس کیس کا سراغ لگانا ایک بڑا ٹاسک تھا اور سب نے مل کر اس کیس کو ٹریس کیا اور ایک ایک چیز کا سراغ لگایا اور جو مرکزی عناصر اس میں ملوث تھے ان کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام چیزوں کو سمجھتے ہیں، وہ لوگ افغان حکومت کی کمزوری کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، سرحدی علاقوں میں کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گردوں کو سہولت پہنچائی جارہی ہے۔