گورنر سندھ پر مسلم لیگ ن سے کوئی گارنٹی نہیں مانگی، خالد مقبول
شیئر کریں
کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کے معاملے پر ہم نے مسلم لیگ ن سے کوئی گارنٹی نہیں مانگی، اس معاملے میں کارکردگی اگر معیار بنی تو پھر فیصلے اسی حساب سے ہوں گے۔خالد مقبول نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سے متعلق جو تبدیلی کی بات ہو رہی تھی وہ سندھ کے علاوہ باقی جگہ آگئی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے گورنر کام کر رہے ہیں اور کام کرتے رہیں گے، گورنر سندھ کو پرواہ بھی نہیں کہ انہیں تبدیل کیا جائے گا یا نہیں۔ ویڈیو لیکس سے متعلق انہوں نے کہا کہ پہلے جب سوشل میڈیا نہیں تھا تب بھی وڈیوز لیک ہوجاتی تھیں، ایم کیو ایم کی ویڈیو لیک ضروری نہیں کہ رابطہ کمیٹی سے ہوئی ہو، ملازمین بھی ہوتے ہیں، وڈیو کہیں سے بھی لیک ہو سکتی ہے۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پارٹی میں ڈیبیٹ کی حد تک اختلافات ہوتے ہیں جو ہونے بھی چاہئیں مگر پارٹی میں کسی کے بھی ایک دوسرے سے ذاتی اختلافات نہیں ہیں۔