سول اسپتال، امراض کی تشخیص کی قیمتی مشینری خراب
شیئر کریں
کراچی کا سب سے بڑا سپتال ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال میں اہم و قیمتی مشینری معمولی فالٹ کی وجہ سے بند کردی گئی ہیں، اربوں روپے بجٹ ہونے کے باوجود اسپتال انتظامیہ نے خراب مشینری کا مرمتی کام نہیں کراسکی، جس کے باعث سینکڑوں مریض نجی اسپتالوں اور لیبارٹریوں پر جانے پر مجبور ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کے شعبہ امراض قلب میں تھہیلیم مشین،گاما کیمرا مشین خراب، انجیوگرافی کی دو میں سے ایک مشین خراب اور ایک فعال ہے، جبکہ فائبرو اسکین اور لیپرواسکوپک مشینیں بھی خراب پڑی ہیں، جس کے باعث کراچی سمیت دیگر شہروں سے آنے والے سینکڑوں مریض ٹیسٹ نہ ہونے سے دربدر ہیں، ذرائع کے مطابق اسپتال میں مشینیں خراب ہونے کی وجہ سے غریب مریض نجی اسپتالوں اور لیبارٹریز مافیاکے رحم و کرم پر ہیں، جہاں پر جگر، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر مہنگی ترین ٹیسٹیں کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں رابطہ کرنے پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر خالد حسین بخاری کا کہنا تھا کہ گاما کیمرا مشین 15 برس سے خراب ہے مرمت کے قابل نہیں ہے، نئی مشین کی ضرورت ہے، انجیوگرافی اور فائبر اسکین مشینیں فعال ہیں، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینیں نئی لگائی ہیں، مریضوں کوعلاج مل رہا ہے،لیکن مخالفین کو بہتر کام نظر نہیں آرہا ہے،وہ ان پر بات نہیں کرتے، کچھ ایسے لوگ ہیں جن کے اپنے مفادات ہیں وہ پورے نہیں ہوتے تو انتظامیہ کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔