یوم صحافت پرخضدار دھماکا،صحافی صدیق مینگل سمیت 3افراد جاں بحق
شیئر کریں
یوم صحافت پر خضدار میں دھماکا، صحافی صدیق مینگل سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ۔پولیس کے مطابق خضدار میں قومی شاہراہ پر سلطان ابراہیم خان روڈ پر ریموٹ کنٹرول دھماکے سے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ایس ایچ او خضدار سٹی کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوئے ، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد صدیق مینگل کے نام سے ہوئی ہے جو مقامی صحافی تھے ، بعد ازاں دھماکے کے مزید دو زخمی بھی دوران علاج دم توڑ گئے ، دونوں افراد راہگیر تھے جو دھماکے کی زد میں آئے تھے ، دونوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔محمد صدیق مینگل اپنے گھر سے یونیورسٹی جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔محمد صدیق مینگل خضدار پریس کلب کے صدر اور مقامی اخبار سے وابستہ تھے ، ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے ۔پولیس کے مطابق صدیق مینگل پر چند ماہ قبل فائرنگ بھی ہوئی تھی تاہم وہ محفوظ رہے تھے ۔واضح رہے کہ خضدار پریس کلب کے صدر کو گزشتہ ماہ مراسلہ موصول ہوا تھا جس میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔یاد رہے کہ 7 اپریل کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں عمرفاروق چوک قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے