میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عدت نکاح کیس،خاور مانیکا کا جج پر اظہارِ عدم اعتماد، فیصلہ محفوظ

عدت نکاح کیس،خاور مانیکا کا جج پر اظہارِ عدم اعتماد، فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک
بدھ, ۱ مئی ۲۰۲۴

شیئر کریں

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے سزا کے خلاف اپیلیں سننے والے سیشن جج شاہ رخ ارجمند پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا،جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کیس اس حد تک سن چکا ہوں کیس کسی اور عدالت میں ٹرانسفر نہیں ہو سکتا، اپیل کی اسٹیج ہوتی ہے ، آپ کتنے جج تبدیل کریں گے ، کیس ہارنے کے بعد سب یہی کہتے ہیں،عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی ۔خاور مانیکا نے جج شاہ رخ ارجمند سے کمرہ عدالت میں کہا کہ میرے خاندان کو تباہ کر دیا گیا، آپ کے گھر کے ساتھ یہ ہو تو پتہ چلے ، مجھے نہیں لگتا کہ مجھے انصاف ملے گا، آپ یہ کیس ٹرانسفر کر دیں۔جج شاہ رخ ارجمند نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے یہ کیسے سوچ لیا؟ کیا کوئی ثبوت ہے یا میں پی ٹی آئی کے لئے ہمدردی دکھاتا ہوں؟ عدالت میں ہوں آپ بتائیں مجھ پر کیا الزام ہے ؟ میرے 21سال کے کیریئر میں پہلی بار مجھ پر اعتراض ہوا ہے ۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ شرم ناک ہے ، آپ پر پریشر ڈالنے کی کوشش ہے ، آپ ان کی بات نوٹ کر لیں، ان کا جھوٹ بڑھتا جا رہا ہے ۔جج شاہ رخ ارجمند نے خاور مانیکا سے کہا کہ کل مجھے بھی قبر میں جانا ہے ، آپ کو بھی، میرے لیے کرسی اہم نہیں، آپ اتنی دیر سے کیوں آئے ؟وکیل سلمان اکرم راجہ نے خاور مانیکا سے متعلق کہا کہ یہ بندہ جھوٹا ہے ، انتہا کا جھوٹا ہے ۔ دورانِ سماعت خاور مانیکا اور پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔عدالت نے خاور مانیکا کی عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں