پاکستان کو مئی میں آئی ایم ایف سے نئے قرض کی امید
شیئر کریں
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مئی میں آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض کی امید ہے، پاکستان کا مقصد مئی میں نئے قرض کے خاکے پر اتفاق کرنا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موجودہ قرض پروگرام اپریل میں ختم ہو جائیگا،پاکستان ایک طویل اور بڑے قرض کی تلاش کر رہا ہے، میکرو اکنامک استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے مدد ضروری ہے، توقع ہے آئی ایم ایف کا مشن مئی کے وسط میں اسلام آباد میں ہوگا۔ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ نے نئے پروگرام کے سائز کا خاکہ بتانے سے انکار کیا، پاکستان اگلے پروگرام میں کم از کم 6 ارب ڈالر کا نیا ٹیب کھولے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض پر اتقاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے، اضافی فنانسنگ لچک اور پائیداری ٹرسٹ کے تحت کریں گے، قرض کی صورتحال بھی زیادہ بہتر نظر آرہی ہے، ہمارے قرضوں کا بڑا حصہ رول اوور کیا جا رہا ہے، رواں یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آرہا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں ہر سال اوسطا 25 ارب ڈالرز ادائیگی کرنا ہوتی ہے، گرین بانڈ کے ساتھ عالمی مارکیٹس میں واپسی کی امید رکھتے ہیں، ہمیں ایک مخصوص درجہ بندی کے ماحول میں واپس آنا ہوگا، ہم نے ریٹنگ ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کا آغاز کر دیا ہے، امید ہے کہ اگلے مالی سال میں درجہ بندی میں بہتری آئے گی۔