ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے، لگ رہا ہے ملک ٹوٹ رہا ہے، عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ایسے کمرے میں کروائی گئی جہاں درمیان میں شیشے لگائے گئے تھے۔ رکاوٹیں حائل کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے کہا لگ رہا ہے ملک ٹوٹ رہا ہے۔ عمران خان نے بہاولنگر واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے، ایک ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سب کیلئے قانون برابر ہونا چاہیے۔اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی رہنما شیر افضل مروت و دیگر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے معمول کی ملاقات طے تھی، ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملاقات ایسے کمرے میں کروائی گئی جس میں درمیان میں شیشے لگائے گئے تھے۔ ملاقات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ملک میں سب کیلئے قانون برابر ہونا چاہیے، ہماری درخواستیں سپریم کورٹ میں پڑی ہیں، ان کو سنا نہیں جارہا۔انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے اور عمر ایوب کو ذمہ داری سونپی کہ پنجاب میں پارٹی کو متحرک کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ شیر افضل مروت کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ کے پی میں جلسے کریں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو توہین عدالت کی درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشری بی بی کے گھر سے چیک بکس اور دیگر چیزیں لے کر گئے توڑ پھوڑ کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے بہانے سے ہرایا۔انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ ضمنی انتخابات والے حلقوں میں جائیں گے، امیدوار جلد از جلد اپنے حلقوں میں جلسوں کا انتظام کریں۔ میری اور عمر ایوب کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ پارٹی کے اجتماعات میں سندھ اور پنجاب جائیں۔اس موقع پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات والے کمرے میں بلب کی آڑ میں کیمرا لگایا گیا تھا۔ عدالت کے حکم کے برخلاف آج بھی جیل حکام ملاقات میں بیٹھے تھے۔