کراچی میں پولیس بے لگام ڈاکوئوں کو روکنے میں ناکام
شیئر کریں
کراچی میں پولیس بے لگام ڈاکوئوں کو روکنے میں ناکام ہو گئی، تین ملزم شہری کو لوٹ کر فرار ہو گئے،کراچی، حیدر آباد اور جیکب آباد میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران6ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے میں3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف رائوکے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا بلدیہ7نمبر کے قریب موٹرسائیکل لفٹرز سے مقابلہ ہوا ،فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان سے 2پستول، موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ،ملزمان نے ڈیفینس،کلفٹن کے بنگلوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا جبکہ گرفتار ملزمان میں جلیل احمد،وسیم اور حبیب احمد شامل ہیں۔ ملزم فیصل سبحانی سے چوری کی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ،گرفتار ملزم کاریں چوری کی وارداتوں میں مطلوب ہے جبکہ ملزم فیصل سبحانی کی وارداتوں کی ویڈیو بھی موجود ہے۔کراچی کے علاقے گلبرگ میں 3 موٹر سائیکل مسلح ڈاکوئوں نے شہری کو روک کر موبائل فون، نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے، واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، پولیس نے متاثرہ شخص کی شکایت پر ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب حیدرآباد کے تھانہ پھلیلی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم کی شناخت شاہنواز کے نام سے ہوئی جو 15 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا، پولیس نے تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ادھر جیکب آباد کے علاقے تھرڑی میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، پولیس نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔