رمضان میں پھل، سبزی کی خریداری غریب آدمی کی پہنچ سے دور، حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بڑھتی ہوئی مہنگائی ، اشیائے صرف و خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور من مانی قیمتوں میں فروخت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور متعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی و کرپشن نے اشیائے صرف و خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور کردی ہیں اور غریبوں کے لیے رمضان المبارک میں افطار و سحر کے لیے ضروری اشیاء خرید نا بھی ناممکن ہوگیا ہے ، شہری انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، سندھ حکومت ، کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ،پرائس کنٹرول کرنے والے افسران کہاں ہیں اور کیا کررہے ہیں ، قیمتوں میں کنٹرول کا کوئی نظام عملاً موجود نہیں ہے ۔سرکاری نرخناموں پر شہر میں کسی جگہ بھی عمل درآمد نہیں ہورہا ، یہ نرخنامے صرف سرکار کی طرف سے دکھانے کے لیے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حکومتوں کی نااہلی و ناقص اقتصادی پالیسیوں کے باعث پہلے ہی ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہوا ہے ، بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے غریبوں اور متوسط گھرانوں کے لیے زندگی اجیرن بناکر رکھی ہے ، محدود تنخواہ دار طبقہ کی قوت خرید تقریبا ًختم ہوکر رہ گئی ہے ، ماہانہ اخراجات میں بجلی و گیس کے بلوں اور ٹرانسپورٹ پر اتنے زیادہ اخراجات ہوتے ہیں کہ لوگوں کے لیے گھر میں راشن ڈلوانا تک آسان نہیں رہا اور سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔رمضان المبارک میں غریبوں کے لیے پھل اور سبزی کی خریداری موجودہ صورتحال میں ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے ،حکمران پارٹیاں اقتدار، وزارتوں اور اعلیٰ عہدوں کی بندر بانٹ میں لگی ہوئی ہیں اور عام لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،رمضان پیکیج کے نام پر کیے جانے والے اعلانات بھی صرف اعلانات کی حد تک محدود ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اچانک اضافے کی شکایات ہمیشہ سامنے آتی ہیں ، لیکن افسوس کہ ان کو دور نہیں کیا جاتا ، سندھ حکومت ،کمشنر ، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کے افسران اپنی نااہلی ختم کریں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے قیمتوں پر کنٹرول کریں اور سرکاری نرخوں پراشیاء کی فروخت یقینی بنائیں ۔