قومی اسمبلی کاپہلا اجلاس ،ممبران نے حلف اٹھا لیا، تحریک انصاف حاوی ،شدید احتجاج
شیئر کریں
پاکستان کی16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھالیا،حلف کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن )اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی گئی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی جانب سے بار بار روکنے کے باوجود اراکین نے نعرے بازی جاری رکھی جس کے باعث ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کر نے لگا ۔تفصیلات کے مطابق16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سواگھنٹے سے زائد کی تاخیر سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن پاک کے بعد نعت رسول ؐمقبول پیش کی گئی جس کے بعد نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اراکین سے حلف لیا۔حلف کے بعد تمام ارکان نے رول آف ممبرز پر دستخط کیے۔نو منتخب اراکین قومی اسمبلی کے حلف اٹھانے سے قبل اور حلف اٹھانے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن)اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اپنے قائد نواز شریف کے حق میں اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین بانی پی ٹی آئی کے حق میں اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔اس دور ان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے قائد ایوان کے ڈیسک کے سامنے حصار بنا لیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی کرسی کے اطراف جمع ہو کر نعرے لگائے، لیگی اراکین شیر شیرکے نعرے لگاتے رہے ۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ہائوس آرڈر میں کرنے کی بار بار ہدایت کرتے رہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی ارکان اسمبلی کو مسلسل نظم و ضبط قائم رکھنے کی تلقین کے ساتھ کہتے رہے کہ ممبران اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑنے والے ممبران اپنے اوتھ سائن کر لیں۔اجلاس کے دور ان علیم خان کو دستخط کرنے کے لیے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا اور بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔عامر ڈوگر نے حلف پر دستخط کرنے کے بعد قیدی نمبر 804کے نعرے لگائے اس دور ان سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیااوراسپیکر ڈائس کے گرد جمع ہو ئے، اس موقع پر جمشید دستی نے بھی نعرے بازی کی۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی کہ گیلری سے کوئی نعرے بازی نہیں کریگا ورنہ میں ان کو باہر نکال دوں گا۔گیلری میں نعرے لگانے والے نوجوان کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ایوان سے باہر نکال دیا۔