پی ٹی آئی آزاد ارکان کا سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ
ویب ڈیسک
پیر, ۱۹ فروری ۲۰۲۴
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے آزاد اراکین اسمبلی نے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے بجائے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض اراکین کے ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت پر تحفظات کے باعث سنی اتحاد کونسل کے نام پر غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور (آج)پیر کو الیکشن کمیشن جاکر دستاویز جمع کرائیں گے ۔قبل ازیں پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان چھن جانے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین کے مجلس وحدت المسلمین میں ضم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔