دھاندلی ، جعلی نتائج و مینڈیٹ پر قبضہ، کراچی میں جماعت اسلامی کا آج یوم سیاہ کا اعلان
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے نتائج کالعدم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات میں بدترین دھاندلی ، جعلی نتائج ، مینڈیٹ پر قبضے ، الیکشن کمیشن کی نا اہلی اور شفاف و منصفانہ انتخابات میں ناکامی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعہ 16فروری کو پورے شہر میں ”یوم سیاہ” منایا جائے گااور سینکڑوں مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے ، جماعت اسلامی دھاندلی کے خلاف حیدرآباد ٹول پلازہ پر جی ڈے اے کے احتجاج میں بھی شرکت کرے گی ۔ کراچی میں ایک ایسی پارٹی جس کا ٹریک ریکارڈ دہشت گردی ، بھتہ خوری اور نفرت و تقسیم کی سیاست ہے اسے دوبارہ مسلط کرنا نہ صرف کراچی ، بلکہ صوبے اور پورے ملک کے ساتھ دشمنی ، جمہوری رائے اور آئینی و قانون کی پامالی ہے ، عوام نے گھروں سے نکل کر جن لوگوں کو مسترد کر دیا ہے انہیں زبردستی مسلط کرنا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انٹر سال اول کے متنازعہ نتائج کے حوالے سے وزیر اعلی کی بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بھی ثابت ہوا ہے کہ کراچی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ۔ جس کی ذمہ داری کرپٹ و نا اہل افسران ، ان کو مسلط کرنے اور ان کی سرپرستی کرنے والی حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ ہم کراچی کے نوجوانوں کا مستقبل تباہ نہیں ہونے دیں گے ۔ گیس کی قیمتوں میں مزید 67فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہیں یہ اضافہ اور پہلے کیے گئے 173اور 193فیصد اضافے کو بھی واپس لیا جائے ۔ نگراں حکومت کو کوئی حق نہیں کہ وہ اس طرح کے فیصلے کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹراسامہ رضی،جنرل سیکرٹری منعم ظفر ،نائب امیر راجہ عارف سلطان،سٹی کونسل کے رکن قاضی صدر الدین، ابن الحسن ہاشمی اورسیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔