کراچی سے اغواء کی گئی بچیاں گوادر میں فروخت
شیئر کریں
شہر سے معصوم بچیوں کو اغواء کے بعد گوادر پہنچا کر فروخت کرنے والے ملزم سمیر کو چاکیواڑہ پولیس نے گرفتار کیا ہے ، ملزم کا گروہ پہلے بھی تین بچیوں کو فروخت کر چکا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ضلع سٹی پولیس نے بچیوں کے اغواء کار گروہ کے ملزم کو گرفتار کر کے اہم کامیابی حاصل کی ہے ، ملزم کے قبضے سے امِ ہانی نامی بچی بازیاب ہوئی ہے تاہم پولیس نے ملزم کو تھانہ چاکیواڑہ کی حدود سے گرفتار کیا ، ملزم نے گذ شتہ شام مچھر کالونی ایریا سے فروخت کرنے کی نیت سے بچی کو اغواء کر کے مواچھ گوٹھ کچھی پاڑہ اپنے بڑے بھائی اور بہن کے گھر لے جا رہا تھا ، بارہ سالہ ملزم سمیر اپنے بڑے بھائی اور بہن کی جانب سے ملنے والی ہدایت کے مطابق چھوٹی بچیوں کو دوکان سے چیز دلانے کے بہانے اغواء کرتا رہا ہے، ملزم مغویہ کو اغواء کر کے اپنے بھائی اور بہن کے پاس لے جاتے ہوئے پولیس نے گرفتار کیا ، ملزم کے بھائی بہن نے ملکر اس سے قبل بھی تین بچیوں کو اغواء کیا ہے، جنہیں گوادر میں جا کر فروخت کیا تاہم پولیس کو ملزم کے بھائی اور بہن کی تلاش جاری ہے ، امِ ہانی نامی بچی کے اغواء کا مقدمہ تھانہ ڈاکس میں درج تھا ، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے ڈاکس پولیس کے حوالے کیا گیا ۔