میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی، شر پسند عناصر نے پھر سے سر اْٹھانا شروع کر دیا ،حافظ نعیم الرحمن

کراچی، شر پسند عناصر نے پھر سے سر اْٹھانا شروع کر دیا ،حافظ نعیم الرحمن

ویب ڈیسک
منگل, ۳۰ جنوری ۲۰۲۴

شیئر کریں

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے اور ووٹرز ٹرن آؤٹ کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شر پسند عناصر نے پھر سے سر اْٹھانا شروع کر دیا ہے۔ کراچی ایک بار پھر جلاؤ گھیراؤ، قتل و غارت اور نفرت کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔جماعت اسلامی نے ضلع وسطی میں بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا اور شہر کے دیگر علاقوں سے بھی سب سے زیادہ ووٹ اور سیٹیں حاصل کیں، عام انتخابات میں بھی ہماری جیت یقینی ہے، انتخابات میں، دھاندلی، نتائج کی تبدیلی اور دہشت گردی قبول نہیں کریں گے۔ ناظم آباد میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے میں ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کی شدید مذمت اور مقتول کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ 8فروری کو فوج، رینجرز اور لاء انفورسمنٹ کے اداروں کے اہلکاروں کو پولنگ اسٹیشن کے باہر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعین کرے اور انتخابات سے قبل بھی پْر امن ماحول کو یقینی بنائے تاکہ ووٹرز آزادانہ اپنے ووٹ ڈالنے آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ادارہ نورحق میں قومی انتخابات اور کراچی میں امن و امان کی خراب ہوتی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امراء کراچی امیدوار این اے 236ڈاکٹر اسامہ رضی،امیدوار این اے 249 مسلم پرویز، راجا عارف سلطان،امیر ضلع کیماڑی و امیدوار این اے 242فضل احد، امیر ضلع سائٹ غربی و امیدوار پی ایس 114عبد الرزاق خان، امیر ضلع وسطی و امیدوار پی ایس 128سید وجیہ حسن، رکن سٹی کونسل و امیدوار پی ایس 122قاضی صدر الدین، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں