حافظ نعیم کا انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان
شیئر کریں
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے آج(جمعہ) صبح 11بجے انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیاحافظ نعیم نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بات کرو تو لسانی تقسیم پیدا کر دیتے ہیں،جمعہ کو انٹرمیڈیٹ بورڈ کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا ہے، پہلے سائنس، پھر آرٹس اور اب کامرس کا رزلٹ آیا جس میں 80فیصد طلبہ فیل ہوئے، میٹرک کے نتائج میں بھی ملتا جلتا نتیجہ آیا، ایم ڈی کیٹ امتحان دو دفعہ ہوئے، پرچہ بھی لیک ہوا، جن بچوں کے میٹرک میں 90فیصد نتائج تھے انہیں پیپر میں فیل کردیا گیا۔حافظ نعیم نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کوئی جان بوجھ کر شہر کے جوانوں کو پیچھے کر رہا ہے، حکمران طبقہ کیا یہ چاہتا ہے کہ انہیں اسٹریٹ کرمنلز کے حوالے کر دیا جائے۔حافظ نعیم نے کہا کہ وزیراعلی سے سوال کیا تو انہوں نے کہا فیل ہوگئے تو کیا کروں احتجاج کس بات کا، وزیراعلی سندھ کی اس بات سے بہت افسوس ہوا۔انہوںنے کہا کہ تمام طلبہ مارک شیٹ لے کر وہاں پہنچیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہے، کے الیکٹرک مافیا کے خلاف صرف جماعت اسلامی میدان میں نکلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام الیکشن میں سب کو مسترد کردیں گے، ہم شہر کا مقدمہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر لڑ رہے ہیں۔