محکمہ صحت ،کروڑوں کے ناجائز اثاثوں کا مالک اکاؤٹنٹ، اینٹی کرپشن میں تحقیقات
شیئر کریں
اینٹی کرپشن سندھ نے میرپورخاص سول اسپتال کے اکاؤٹنٹ شیر محمد چانہیو کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری شروع کردی ہے ، کروڑوں روپے کی زمین کی منی ٹریل اور تنخواہ کی تفصیلات طلب کر لیہیں ۔ تفصیلات کے مطابق کے مطابق اینٹی کرپشن سندھ کے حکام نے نیو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور میرپورخاص سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو لیٹر ارسال کر کے اکاؤٹنٹ شیر محمد چانہیو کے خلاف کرپشن کی انکوائری شروع ہونے کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اکاؤٹنٹ شیر محمد چانہیو کو پابند کیا جائے کہ وہ اینٹی کرپشن حکام کے سامنے پیش ہوں ، اینٹی کرپشن سندھ کے انکوائری افسر نے لیٹر میں ہدایت کی ہے کہ میرپورخاص سول اسپتال کے اکاؤٹنٹ شیر محمد چانہیو پیش ہو کر آگاہ کریں کہ ضلع سانگھڑ کی تحصیل کھپرو کی دیھ کھانی راجڑ میں72 ایکڑ زمین کیسے خریدی ، اس کی منی ٹریل پیش کریں ، اس کے ساتھ تصدیق شدہ سروس ، تصدیق شدہ سیلری سلپ اور پروفارمہ پر تحریری تفصیل پیش کی جائے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ کھپرو تحصیل میں72 ایکڑ زمین کی مالیت کروڑوں روپے ہے ، تنخواہ پیشہ فرد کی جانب سے کروڑوں روپے کی زمین خریدنا سوالیہ نشان ہے، میرپورخاص سول اسپتال کے اکاؤٹنٹ شیر محمد چانہیو کے خلاف ادویات کی خریداری میں کرپشن کی ایک اور انکوائری پہلے ہی اینٹی کرپشن سندھ میں جاری ہے ، مذکورہ انکوائری کے دوران بھی شیر محمد چانہیو مطلوبہ ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہے ۔